May 12th, 2024 (1445ذو القعدة4)

رسولؐ کی اتباع ہی میں ہم سب کی نجات ہے، رخشندہ منیب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ 

 اسلامی ریاست کا قیام اور اس کی حفا ظت اللہ کے نبیؐ کی سب سے بڑی سنت ہے ،دور فتن میں نبیؐ کی سنت کے اتباع میں ہی ہم سب کی نجات ہے ۔ان خیالات کا اظہار ناظمہ صوبہ سندھ جماعت اسلامی حلقہ خواتین رخشندہ منیب نے بحریہ ٹاؤن میں منعقدہ جلسہ سیرت النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ رسولؐ کا اسوہ ہمیں سکھاتا ہے کہ آزمائشوں کے باوجود ایمان اور استقامت کے ساتھ دین کی راہ پر جمے رہو تو اللہ کامیابی سے ضرور ہمکنار کرتا ہے۔ علاوہ ازیں کورنگی غربی کے تحت سیرت کانفرنسؐ سے خطاب میں رخشندہ منیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن یہاں لادینیت قائم ہے ۔پاکستان میں حقیقی معنوں میں مدینے والا نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔رخشندہ منیب نے کہا کہ حضور ﷺ نے اپنی دعوت کے ذریعے دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا ۔ریاست مدینہ میں زکوٰۃ بانٹنے والے موجود تھے لیکن زکوٰۃ لینے والا کوئی نہیں تھا ۔ٹیکس فری اور سود سے پاک نظام قائم کیا گیا، معذوروں اور بیوائوں کی ذمے داری ریاست پر عائد تھی اور شورائی نظام قائم تھا ۔پاکستان آج بحران میں ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اللہ سے بغاوت کی ہوئی ہے۔ اس موقع پر نائب ناظمہ سندھ عذرا جمیل، نائب ناظمہ ضلع کورنگی نجمہ کوثر، آمنہ نذیر، فردوس ایاز،پروین اختر،ناظمہ علاقہ کورنگی غربی سعدیہ ہمایوںبھی موجود تھی ۔