May 11th, 2024 (1445ذو القعدة3)

شہریوں کو امن و امان اور تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی کی مستونگ بازار میں خود کش دھماکے کی مذمت اور ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہارتشویش

ریاست اہلیان وطن کی سائبان اور حکومت جان و مال کی محافظ ہوتی ہے-دہشت گردی کی موجودہ لہر نے جہاں عوام کی جان ومال کو غیر محفوظ کر دیا ہے،وہاں یہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کے بارے میں لمحہ فکریہ بھی ہے- مستونگ اور ہنگو دہشت گردانہ حملے ملک کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں -

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ہنگو اور مستونگ میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا -

انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے نقصان پر ہر محب وطن رنجیدہ ہے- شہریوں کو امن و امان اور تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے- خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں- حکومت دھماکے کے ذمہ داران کا تعین کرے اور انھیں سخت سزا دے- انہوں نے کہا گذشتہ کچھ ماہ سے دہشت گردی کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے -انتہائ قابل افسوس بات یہ ہے کہ دہشت گردی کی اس تازہ لہر میں عبادت گاہیں،دینی محافل اور بازار بھی محفوظ نہیں ہیں - دردانہ صدیقی نے جان بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا کی - لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی-